فوائد

غیر متعلق چیزوں کو الگ کر کے جب ہم اصل اشتراکیت کے اس کار نامے پر نگاہ ڈ التے ہیں جو روسی تجربے کی بدولت ہمارے سامنے آیا ہے ،تو نفع کے خانے میں ہم کو یہ چیزیں ملتی ہیں:-
(1) افراد کے قبضہ سے زمین ،کارخانے اور تمام کاروبار نکا ل لینے کا یہ فائدہ ہو ا کہ اشیاء کی لاگت اور ان کی بازاری قیمت کے درمیان جو منافع پہلے زمیندار،کارخانہ دار اور تاجر لیتے تھے وہ اب حکومت کے خزانے میں آنے لگا اور یہ ممکن ہو گیا کہ اس منافع کو اجتماعی فلاح کے کاموں میں صرف کیا جا سکے ۔
(2) تمام ملک کے ذرائع پیداوار ایک ہی نظم ونسق کے قبضہ میں آجانے سے یہ ممکن ہو گیا کہ ایک طرف ایک سوچے سمجھے منصوبے کے مطابق ان سب کو زیادہ سے زیادہ ترقی دینے اور زیادہ سے زیادہ مفید طریقے سے استعمال کرنے کی کو شش کی جائے اور دوسری طرف سارے ملک کی ضروریات کو سامنے رکھ کر انھیں پورا کرنےکی منظم تدابیر عمل میں لائی جائیں۔
(3) سارے مسائل دولت پر قابض ہو کر جب حکومت ایک جامع منصوبہ بندی کے مطابق ان کو چلانے لگی تو اس کے لیے یہ بھی ممکن ہو گیا کہ ملک کے تمام قابل کار آدمیوں کو کام پر لگایا جائےاور یہ بھی کہ وہ ان کو ایک سوچی سمجھی اسکیم کے مطابق تعلیم و تر بیت دے کر اس طرح تیار کرے کہ اجتماعی معیشت کے لیے جن پیشوں اور خدمات کے لئے جتنے آدمی درکار ہیں اتنے ہی وہ تیار کئے جاتے رہیں۔
(4) اوپر نمبر ایک میں زراعت ،صنعت اور تجارت کے جس منافع کا ذکر کیا گیا ہے وہ جب حکومت کے ہاتھ میں آگیا تو وہ اس قابل ہو گئی کہ اس منافع کا ایک حصہ”سوشل انشور نس ” کے انتظام پر صرف کرے ۔سوشل انشورنس کا مطلب یہ ہے کہ تمام ملک میں جو لو گ کام کرنے کے قابل نہ ہو ں یا عارضی یا مستقل طور پر نا قابل کا ر ہو جائیں۔یا بیماری،زچگی اور دوسرے مختلف حالات کی وجہ سے جن کو مدد کی ضرورت پیش آئے ان کو ایک مشترک فنڈ سے مدد دی جائے ۔

Previous Chapter Next Topic