تفسیر الکوثر – محسن علی نجفی

سورۃ البقرہ
اَلَّذِيْنَ يَاْكُلُوْنَ الرِّبٰوا لَا يَقُوْمُوْنَ اِلَّا كَمَا يَقُوْمُ الَّذِيْ يَتَخَبَّطُهُ الشَّيْطٰنُ مِنَ الْمَسِّ ذٰلِكَ بِاَنَّھُمْ قَالُوْٓا اِنَّمَا الْبَيْعُ مِثْلُ الرِّبٰوا ۘ وَاَحَلَّ اللّٰهُ الْبَيْعَ وَحَرَّمَ الرِّبٰوا ۭ فَمَنْ جَاۗءَهٗ مَوْعِظَةٌ مِّنْ رَّبِّهٖ فَانْتَهٰى فَلَهٗ مَا سَلَفَ ۭ وَاَمْرُهٗٓ اِلَى اللّٰهِ ۭ وَمَنْ عَادَ فَاُولٰۗىِٕكَ اَصْحٰبُ النَّارِ ۚ ھُمْ فِيْهَا خٰلِدُوْنَ ٢٧٥؁
يَمْحَقُ اللّٰهُ الرِّبٰوا وَيُرْبِي الصَّدَقٰتِ ۭ وَاللّٰهُ لَا يُحِبُّ كُلَّ كَفَّارٍ اَثِيْمٍ ٢٧٦؁
اِنَّ الَّذِيْنَ اٰمَنُوْا وَعَمِلُوا الصّٰلِحٰتِ وَاَقَامُوا الصَّلٰوةَ وَاٰتَوُا الزَّكٰوةَ لَھُمْ اَجْرُھُمْ عِنْدَ رَبِّهِمْ ۚ وَلَا خَوْفٌ عَلَيْهِمْ وَلَا ھُمْ يَحْزَنُوْنَ ٢٧٧؁
يٰٓاَيُّهَا الَّذِيْنَ اٰمَنُوا اتَّقُوا اللّٰهَ وَذَرُوْا مَا بَقِيَ مِنَ الرِّبٰٓوا اِنْ كُنْتُمْ مُّؤْمِنِيْنَ ٢٧٨؁
فَاِنْ لَّمْ تَفْعَلُوْا فَاْذَنُوْا بِحَرْبٍ مِّنَ اللّٰهِ وَرَسُوْلِهٖ ۚ وَاِنْ تُبْتُمْ فَلَكُمْ رُءُوْسُ اَمْوَالِكُمْ ۚ لَا تَظْلِمُوْنَ وَلَا تُظْلَمُوْنَ ٢٧٩؁
وَاِنْ كَانَ ذُوْ عُسْرَةٍ فَنَظِرَةٌ اِلٰى مَيْسَرَةٍ ۭ وَاَنْ تَصَدَّقُوْا خَيْرٌ لَّكُمْ اِنْ كُنْتُمْ تَعْلَمُوْنَ ٢٨٠؁
وَاتَّقُوْا يَوْمًا تُرْجَعُوْنَ فِيْهِ اِلَى اللّٰهِ ۼ ثُمَّ تُوَفّٰى كُلُّ نَفْسٍ مَّا كَسَبَتْ وَھُمْ لَا يُظْلَمُوْنَ ٢٨١؁ۧ

ترجمہ
جو لوگ سود کھاتے ہیں وہ بس اس شخص کی طرح اٹھیں گے جسے شیطان نے چھو کر حواس باختہ کیا ہو ، اس کی وجہ یہ ہے کہ وہ کہتے ہیں : تجارت بھی تو سود ہی کی طرح ہے ، حالانکہ اللہ نے تجارت کو حلال اور سود کو حرام قرار دیا ہے ، پس جس شخص تک اس کے پروردگار کی طرف سے نصیحت پہنچی اور وہ سود لینے سے باز آگیا تو جو پہلے لے چکا وہ اسی کا ہوگا اور اس کا معاملہ اللہ کے سپرد ہے اور جس نے اعادہ کیا تو ایسے لوگ جہنمی ہیں جہاں وہ ہمیشہ رہیں گے۔
اللہ سود کو ناپائیدار اور خیرات کو بابرکت بنا دیتا ہے اور اللہ کسی ناشکرے گنہگار کو پسند نہیں کرتا۔
البتہ جو لوگ ایمان لے آئیں اور نیک عمل بجا لائیں نیز نماز قائم کریں اور زکوۃ دیں ان کا اجر ان کے پروردگار کے پاس ہے اور ان کے لیے نہ تو کوئی خوف ہوگا اور نہ وہ رنجیدہ ہوں گے۔
اے ایمان والو ! اللہ کا خوف کرو اور جو سود (لوگوں کے ذمے) باقی ہے اسے چھوڑ دو اگر تم مومن ہو۔
لیکن اگر تم نے ایسا نہ کیا تو اللہ اور اس کے رسول کی طرف سے جنگ کے لیے تیار ہوجاؤ اور اگر تم نے توبہ کرلی تو تم اپنے اصل سرمائے کے حقدار ہو ، نہ تم ظلم کرو گے اور نہ تم پر ظلم کیا جائے گا۔
اور ( تمہارا قرضدار) اگر تنگدست ہو تو کشائش تک مہلت دو اور اگر سمجھو تو معاف کردینا ہی تمہارے لیے بہتر ہے۔
اور اس دن کا خوف کرو جب تم اللہ کی طرف لوٹائے جاؤ گے پھر وہاں ہر شخص کو اس کے کیے کا پورا بدلہ مل جائے گا اور ان پر ظلم نہ ہوگا۔

تفسیر
تشریح کلمات
الرِّبٰوا :
( ر ب و )
زیادتی ، اضافہ ، سود۔
تَخَبَّط :
( خ ب ط ) خَبط۔
حواس باختہ ، پاگل ، مجنون۔
تفسیر آیات
سود کی تاریخ : عہد فراعنہ میں سود کا رواج تھا۔ البتہ اس کی کچھ حدود وقیود متعین تھیں۔ چناچہ یوخوریوس نامی فرعون نے قانون بنایا کہ قرض کی ادائیگی میں اگرچہ تاخیر ہوجائے ، تب بھی اس کا سود اصل سرمائے سے زیادہ نہیں ہو سکتا۔
افریقی اور رومن حکومتوں میں قرض کی عدم ادائیگی کی صورت میں مقروض خود اپنے قرض دہندہ کی ملکیت میں چلا جاتا تھا ، لیکن بعد میں افریقی قانون ساز سولون نے اس غیر انسانی قانون کو ختم کردیا اور شرح سود بارہ فیصد کردی۔ بعد میں رومن حکومتوں میں بھی یہی قانون برقرار رہا۔
دینی قوانین : آسمانی ادیان میں سود ہمیشہ حرام رہا ہے۔ چناچہ عہد قدیم میں مذکور ہے کہ جب کسی کو قرض دو تو اس کے ساتھ قرض خواہ کا سا سلوک نہ کرو اور مال کے لیے کسی فائدے کا مطالبہ نہ کرو۔ ملاحظہ ہو عہد قدیم آیت ٢٥ فصل ١٢ سفر خروج نیز آیت ٣٥ فصل ٢٥ سفر لادی اور انجیل لوقا آیات ٣٤۔ ٣٥ فصل ٦۔
مسیحی تعلیمات میں سود کو قطعاً حرام سمجھا جاتا تھا۔ یہاں تک کہ مسیحی پوپ حضرات بھی سود کے بارے میں سخت مؤقف اختیار کرتے تھے ، جب کہ وہ مذہبی مسائل میں تساہل برتنے کے عادی تھے۔ چناچہ پوپ سکوبر کہتا ہے : ” جو یہ کہتا ہے کہ سود گناہ نہیں ہے ، وہ ملحد اور دین سے خارج ہے۔ “ پوپ بونی کہتا ہے : ” سود خور لوگ دنیا میں ہی ہر قسم کی عزت و شرافت سے محروم ہوجاتے ہیں۔ یہ لوگ مرنے کے بعد تکفین کے بھی مستحق نہیں رہتے۔ “ ملاحظہ ہو رسالۃ الاسلام طبع قاہرہ اکتوبر ١٩٥١ ء بحوالہ پاسکل خطاب نمبر ٨ (Pascal lesprovinciales) ۔
مسیحی یورپ : یورپ میں فرانسیسی انقلاب تک تو کم و بیش سود کی ممانعت کا حکم نافذ رہا ، لیکن انقلاب فرانس کے بعد ١٢ ، اکتو بر ١٧٨٩ ء میں ایک قانون کے ذریعے سود کو جائز قرار دے دیا گیا۔
ربا یعنی سود کی دو قسمیں ہیں :
الف۔ قرض پر سود : جسے ربا النسیۃ بھی کہتے ہیں۔ اس کی یہ تعریف کی گئی ہے کہ سود وہ زائد رقم ہے جو قرض خواہ اپنے مقروض سے اصل زر کے علاوہ وصول کرتا ہے۔ علامہ سیوطی نے الجامع الصغیر میں حضرت علی (رضی اللہ عنہ) کا یہ فرمان نقل کیا ہے نیز مستدرک الوسائل جلد ١٣ صفحہ ٤٠٩ پر امام محمد باقر (رح) سے حضرت علی (رضی اللہ عنہ) کا یہ فرمان منقول ہے :

کُلُّ قَرْضٍ جَرَّ مَنْفَعَۃً فَھُوَ رِباً ۔ { مستدرک الوسائل ١٣ : ٤٠٩ ۔ عوالی اللآلی ١ : ٣٠٩}

ہر وہ قرض جو کسی منفعت کے حصول کا سبب بنے رِبَا ہے۔
ب۔ معاملاتی سود : جسے ربا الفضل بھی کہتے ہیں۔ یہ وہ اضافہ ہے جو کچھ مخصوص اور ہم جنس اجناس کے تبادلے پر لیا جائے۔ جیسے ایک کلو گندم ادھار دے کر بعد میں اس کے عوض سوا کلو گندم لینا۔
قرانی تعبیر کے مطابق سود خور حواس باختہ ہوتا ہے۔ اس کا ضمیرمردہ اور وہ عقل و شعور سے بےبہرہ ہوتا ہے۔ کیونکہ ایک عقلی اور فطری توازن رکھنے والا شخص خواہ اس کا مذہب کچھ بھی ہو ، اپنے فطری تقاضوں کے مطابق احسان پسند ہوتا ہے ، خود بھی احسان کرتا ہے اور دوسرے احسان کرنے والوں کو بھی پسند کرتا ہے۔ اس کے دل میں ناداروں اور محتاجوں کے لیے رحم اور ہمدردی کا جذبہ موجزن رہتا ہے۔ وہ مال و دولت کماتا ضرور ہے ، مگر اپنی ضرورت سے زائد مال کو دوسروں کے خون پسینے کی کمائی بٹورنے کا ذریعہ نہیں بناتا۔ جب کہ سود خور دوسروں کی مجبوری سے فائدہ اٹھا کر ان کے خون پسینے کی کمائی پر ڈاکہ ڈالتا اور اپنی دولت میں اضافہ کرتا ہے۔ یوں دولت کے نشے میں حواس باختہ ہو کر اسے اس بات کا احساس نہیں رہتا کہ اس کی اس درندگی سے کتنے ضرورت مندوں پر تباہ کن اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔
قرآن اپنے دستور میں سود کو صدقے کے مقابل ذکر فرماتا ہے۔ صدقے کے پس منظر میں ایک ایثار پسند ، انسانی اقدار کا مالک اور پاکیزہ نفس موجود ہوتا ہے۔ جب کہ سود کے پس پردہ ایک مفاد پرست ، بدخو اور درندہ صفت انسان موجود ہوتا ہے۔ صدقہ اپنے خون پسینے کی کمائی سے دوسروں کا دکھ درد بانٹنے کا نام ہے۔ جب کہ سود دوسروں کے خون پسینے میں اپنا لقمہ تر کرنے سے عبارت ہے۔
تمام اسلامی قوانین میں ایک بنیادی اصول مدنظر رکھا جاتا ہے : لاَ ضَرَرَ وَ لَا ضِرَارَ فِی الْاِسْلَامِ ۔ { وسائل الشیعۃ ٢٦ : ١٤} یعنی اسلامی قوانین میں ضرر کا پہلو نہیں ہوا کرتا۔ اسلام کا کوئی حکم اور قانون ، ضرر کی بنیاد پر قائم نہیں رہ سکتا۔ مثلاً اسلام نے فردی ملکیت کو تسلیم کیا ہے۔ یعنی انسان اپنی محنت سے جو کچھ کماتا ہے ، وہ اس کا مالک بن جاتا ہے۔ لیکن اگر اس ملکیت میں کسی اور فرد پر ضرر وارد ہوتا ہو تو اس وقت یہ حق واپس لے لیاجاتا ہے۔ انسان اپنی زمین پر درخت لگا سکتا ہے اور اس کے پھلنے پھولنے پر کوئی پابندی نہیں ہے۔ لیکن اگر اس درخت کی شاخیں کسی اور شخص کی زمین پر پھیل جائیں اور اسے نقصان پہنچائیں تو ان شاخوں پر اس کی ملکیت ختم ہوجاتی ہے اور دوسری زمین کا مالک انہیں کاٹنے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔ حرمت ربا بھی اسی اصول کے تحت آتی ہے۔ انسان اپنے سرمائے سے فائدہ اٹھا سکتا ہے لیکن اگر یہ استفادہ مقروض کے لیے باعث ضرر ثابت ہو تو یہ حق سلب ہوجاتا ہے۔
سود خوروں کی دلیل : اِنَّمَا الۡبَیۡعُ مِثۡلُ الرِّبٰوا ۘ تجارت بھی سود ہی کی طرح ہے۔ جب تجارت میں لگائے گئے سرمائے کا منافع جائز ہے تو قرض پر دیے ہوئے سرمائے کا منافع جائز کیوں نہیں ؟ ہمارے معاصر سود خور بھی عیناً یہی دلیل پیش کرتے ہیں اور کہتے ہیں : قرض دہندہ جس سرمائے سے خود فائدہ اٹھا سکتا تھا ، اسے وہ بطور قرض دوسرے شخص کو دیتا ہے۔ دوسرا شخص اس سرمائے سے فائدہ اٹھاتا ہے۔ پس اس فائدے میں سے ایک حصہ قرض دینے والے کے لیے مختص ہوجائے تو اس میں کیا مضائقہ ہے۔ یعنی اگر تجارت میں خریدو فروخت کر کے منافع لینا جائز ہے تو اسی سرمائے کو قرض دے کر منافع کمانا کیوں جائز نہیں ؟
اس کا جواب اولاً تو یہ ہے کہ تجارت میں خسارے کا خطرہ مول لینا پڑتا ہے۔ منافع کی شرح میں کمی بیشی مدنظر ہوتی ہے ، جب کہ سود میں قرض دینے والا بغیر کسی خطرے کے ایک مقررہ اور لازمی منافع کا حقدار سمجھا جاتا ہے۔ دوسرے لفظوں میں اگر قرض تجارت کی غرض سے ہی لیا جائے تو واضح ہے کہ تجارت میں فائدہ و ضرر دونوں کا احتمال ہوتا ہے ، جب کہ سود میں قرض دینے والے کا فائدہ ہر صورت میں یقینی ہے ، لیکن قرض لینے والے کے لیے خسارے کا احتمال ہی رہتا ہے۔ لہٰذا اس احتمال کے مقابلے میں یقینی منافع لینا حرام ہے۔ قرض پیداواری مقاصد کے لیے لیا جاتا ہے یا غیر پیداواری مقاصد کے لیے۔ پیداواری مقاصد میں قرض خواہ کو منافع ملتا ہے یا خسارہ اٹھانا پڑتا ہے۔ اس طرح اس مسئلے کی تین صورتیں بنتی ہیں۔ قرض لینے والے کو صرف ایک صورت میں منافع حاصل کرنے کا موقع ملتا ہے ، جب کہ قرض دینے والا ہر صورت میں منافع حاصل کرتا ہے :
قرض
١۔ غیر پید اور ی
منافع کا حکم سودی نظام میں
فقط قرض خواہ کو ملے گا۔
منافع کا حکم غیر سودی نظام میں
قرض خواہ کے لیے منافع لیناحرام ہے ۔
٢۔ پیداواری باخسارہ
فقط قرض خواہ کو ملے گا
قرض خواہ کے لیے منافع لینا حرام ہے۔
٣۔ پیداواری بامنافع
قرض لینے اور دینے والے دونوں کو ملے گا
نفع نقصان میں شراکت کی بنیاد پر منافع دونوں کو ملے گا۔
سود درج ذیل اقتصادی برائیوں کا حامل ہونے کی وجہ سے بھی ممنوع ہے :
الف۔ غیرسودی نظام میں پہلے منافع جات کو یقینی بنایا جاتا ہے ، پھر یہ منافع معاہدے کے تحت سرمائے اور محنت کے درمیان تقسیم کیا جاتا ہے۔ جب کہ سودی نظام میں سرمایہ منافع دے یا نہ دے ، صاحب سرمایہ کو ہر صورت میں منافع مل جاتا ہے جو کہ عدل و انصاف کے سراسر خلاف اور ایک ظالمانہ قانون ہے۔
ب۔ مندرجہ بالا چارٹ سے یہ بات بھی سامنے آتی ہے کہ سودی نظام کے تحت روئے زمین کے تمام پیداواری منافع جات چند افراد کی جیب میں جمع ہوجاتے ہیں ، کیونکہ قرض لینے والوں کو تین صورتوں میں سے ایک صورت میں منافع ملتا ہے۔ جب کہ قرض دینے والے کو ہر صورت میں منافع حاصل ہوتا ہے۔ یہ منافع بھی زیادہ تر قرض دینے والے کو ملتا ہے اور قرض لینے والے کے پاس کچھ بھی نہیں بچتا۔ مثلاً ایک ملک تیس ارب کا سودی قرض لیتا ہے ، جس میں سے چھ ارب (بیس فیصد) روپے بطور سود دینے ہوں گے۔ اس رقم میں سے دس ارب روپے غیر پیداواری امور پر خرچ ہوتے ہیں جن کا کوئی منافع نہیں ہے۔ دوسرے دس ارب سے جو کاروبار کیا جاتا ہے وہ خسارے کا شکار ہوجاتا ہے۔ تیسرے دس ارب سے کاروبار کرنے پر دو ارب روپے منافع ملتا ہے۔ چناچہ مقروض ملک کو چار ارب روپے کا خسارہ اپنے خزانے سے ادا کرنا پڑے گا۔ اس طرح ملک کی تمام پیداواری صلاحیت سرمایہ دار ملک کے مفاد میں چلی جائے گی۔
ج۔ ایک ملک کا اپنا سرمایہ دس ارب ڈالر ہے۔ جب کہ بجٹ بیس ارب ڈالر کا ہے۔ لہٰذا وہ دس ارب ڈالر قرض لے گا اور اس پر دو ارب ڈالر سود دے گا۔ یعنی یہ ملک دس کی جگہ بارہ ارب ڈالر واپس کرے گا۔ اس طرح اس ملک کا اپنا سرمایہ گھٹ کر آٹھ ارب ڈالر رہ جاتا ہے۔ بعد میں اسے سود در سود کے طور پر اس دو ارب ڈالر کا بھی سود دینا پڑے گا۔ آخر کار اس ملک کی پوری پیداواری صلاحیتیں اس قرض خواہ ملک کے قبضے میں چلی جائیں گی۔
د۔ صنعت کار سودی قرض لیتے ہیں ، پھر سود ادا کرنے اور کچھ منافع کمانے کے لیے وہ اپنی پیداواری اشیاء کی قیمت بڑھاتے ہیں۔ اس طرح اس کا بوجھ صارفین پر پڑتا ہے اور پورا معاشرہ سود کے برے اثرات سے متاثر ہوتا ہے ، جب کہ نفع صرف سود خوروں کی جیب میں جاتا ہے ۔
ھ۔ حکومتیں سودی قرض لے کر ادائیگی کے لیے ٹیکسوں کا بوجھ عوام پر ڈالتی ہیں۔ اس طرح پورا ملک متاثر ہوتا ہے۔
و۔ دور جاہلیت میں سود کے مفاسد اگرچہ کم نہ تھے ، لیکن آج کل اس کے مفاسد اور زیادہ نمایاں ہیں۔ سودی استحصالی نظام ہی کی وجہ سے تیسری دنیا خصوصا اسلامی دنیا پر اخلاقی ، اقتصادی ، سیاسی ، عسکری ، دینی اور ثقافتی میدانوں میں درندہ صفت استعماری طاقتوں کی بالادستی قائم ہے۔ یوں زندگی کا کوئی شعبہ سود کے برے اثرات سے محفوظ نہیں رہا۔
سوال :
سود قرض کی رقم کا کرایہ ہے۔ اگر کرایہ لینا جائز ہے تو کیا فرق پڑتا ہے کہ رقم کا کرایہ لیا جائے یا گھر کا ؟
جواب :
کرائے میں گھر کی ملکیت گھر کے مالک کے پاس رہتی ہے ، لہٰذا گھر کا نفع نقصان مالک سے مربوط ہوتا ہے ، جب کہ قرض میں قرض دینے والا قرض کی عین رقم کا مالک نہیں رہتا۔ لہٰذا اس رقم کے سود و زیاں کے اثرات اس پر مرتب نہیں ہوتے۔ ثانیاً گھر سے استفادہ یقینی ہوتا ہے۔ یہاں کسی خسارے یا کمی بیشی کا خطرہ نہیں ہوتا۔
نیز اجارے میں جب تک استفادہ ہے ، کرایہ ہے۔ اگر استفادہ نہیں ، کرایہ نہیں ہے۔ مثلاً ایک گھر کرایہ پر ہے تو گھر سے رہائش کا استفادہ ہو تو کرایہ دیا جائے گا۔ اگر ضرورت نہ ہونے کی وجہ سے یا قابل استفادہ نہ ہونے کی وجہ سے استفادہ نہیں ہو رہا تو کرایہ نہیں دیا جائے گا۔ جب کہ ربا میں خواہ رقم قابل استفادہ ہو یا نہ ہو ، رقم کی اب ضرورت ہو یا نہ ہو ، اس وقت تک سود دینا پڑے گا جب تک اصل رقم واپس نہیں ہوجاتی۔
وَ اَحَلَّ اللّٰہُ الۡبَیۡعَ وَ حَرَّمَ الرِّبٰوا ؕ : اللہ نے تجارت کو حلال اور سود کو حرام قرار دیا ہے۔ سود کی حرمت اور تجارت کی حلیت کے پیچھے درج ذیل معاشی اور اخلاقی امتیازات کارفرما ہیں :
الف : تجارت میں تاجر اپنے مال کو بازار میں پیش کرتا ہے اور منافع کی شرح بازار کے اتار چڑھاؤ کے مطابق مقرر کرتا ہے اور بازار کا یہ اتارچڑھاؤ کبھی منافع دیتا ہے اور کبھی دیوالیہ کردیتا ہے۔ اس لیے تاجر اور گاہک دونوں فعال اور ہوشیار رہتے ہیں اور معاشی امور کے لیے مفید واقع ہوتے ہیں۔ جب کہ سودی نظام میں سرمائے کامنافع یقینی ہوتا ہے اور صرف محنت کرنے والا ہی خطرہ مول لیتا ہے۔
ب : تجارت میں بائع اور مشتری دونوں فائدہ لیتے ہیں۔ مشتری خریدی ہوئی چیز کا اور بائع فروخت شدہ مال کا نفع لیتا ہے۔ جب کہ سودی معاملے میں قرض دینے والا یقینی نفع کماتا ہے ، حالانکہ قرض لینے والا اگر غیر پیداواری ضرورت کے لیے قرض لیتا ہے تو اس میں اسے کوئی نفع نہیں ہے اور اگر پیداواری امور کے لیے قرض لیتا ہے تو بھی نفع یقینی نہیں ہوتا۔
ج : تجارت میں فروخت کرنے والا مشتری سے ایک بار نفع کماتا ہے ، جب کہ سود میں نفع کا ایک سلسلہ قائم ہوجاتا ہے ، جس کی زد میں مقروض کے تن کے کپڑے اور رہائش کا مکان تک آجاتے ہیں۔
د : تجارت میں سرمائے کے ساتھ محنت بھی صرف ہوتی ہے ، جب کہ سود میں اپنی ضرورت سے زائد رقم دے کر دوسرے کی محنت اور مشقت پر ڈاکہ ڈالا جاتا ہے۔
ھ : تجارت میں فریقین کاروبار اور اس کے منصوبے میں شریک ہوتے ہیں۔ دونوں نفع و نقصان میں شریک ہونے کی وجہ سے ذمہ داریاں اٹھاتے ہیں۔ جب کہ سودی نظام معیشت میں پورا بازار مٹھی بھر سرمایہ داروں کے رحم و کرم پر ہوتا ہے اور ان کی اجارہ داری قائم ہوجاتی ہے ، جس کے نتیجے میں رسد اور قیمتوں میں توازن مصنوعی ہوجاتا ہے اور دولت کا ارتکاز چند لوگوں کے ہاتھوں میں ہوجاتا ہے ۔
و : سودی نظام میں خواہ سرمایہ کام دے یا نہ دے ، سرمایہ دار ہر صورت میں اپنی اجرت وصول کرلیتا ہے ، بلکہ سرمائے میں خسارے کی صورت میں اس کی تلافی کر کے اسے واپس کرنا پڑتا ہے ، جب کہ محنت کش کو ہر صورت میں اجرت نہیں ملتی ، صرف منفعت حاصل ہونے کی صورت میں اجرت ملتی ہے۔ یہاں سے معلوم ہوتا ہے کہ سودی نظام میں سرمایہ محنت پر مسلط ہوتا ہے۔
ز : سودی نظام میں جو رعایت سرمائے کو حاصل ہے ، وہ اگر محنت کو حاصل ہوجائے ، یعنی محنت کش خواہ محنت کرے یا نہ کرے ، ہر حال میں اسے اجرت دی جائے تو اس صورت میں محنت سرمائے پر مسلط ہوجائے گی۔ اس طرح یہ قانون بھی غیر عادلانہ ہوگا۔
ح ۔ قرض کا مال ، مالک کی عینی ملکیت سے نکل کر مقروض کی گردن پر ایک ذمہ داری میں بدل جاتا ہے۔ قرض کا وجود عینی یا نفع دیتا ہے یا خسارہ دیتا ہے۔ اب جب کہ قرض کے مقروض کے ذمے پر آنے کے بعد قرض دینے والا عین مال کا مالک نہ رہا ، بلکہ اب قرض لینے والا اس کا مالک ہے ، لہٰذا مال کے تلف ہونے کی صورت میں یہ مقروض کا مال ہے جو تلف ہوجاتا ہے ، نہ کہ قرض دینے والے کا۔ اسی لیے اس مال کے سود و زیاں دونوں کا تعلق قرض لینے والے سے مربوط ہوتا ہے۔
سوال :کچھ حضرات یہ خیال کرتے ہیں کہ غیر پیداواری قرض میں سود حرام ہے ، مگر تجارت کی طرح پیداواری قرض میں سود حرام نہیں ہے۔
جواب :جس دلیل سے سود کی حرمت ثابت ہوجاتی ہے ، اس دلیل کے سیاق وسباق میں ہر سود حرام ہے۔ اس میں پیداواری اور غیر پیداواری دونوں قسم کے قرضوں کا سود شامل ہے اور ایسے شواہد بھی ملتے ہیں کہ زمان رسالت (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) میں بھی لوگ تجارت کے لیے قرض لیا کرتے تھے۔
ط : قرض دینے والا عین مال کا مالک نہیں رہتا ، لہٰذا وہ اس مال کے آثار کا بھی مالک نہیں ہو سکتا۔ اس لیے اس مال پر مرتب ہونے والے مثبت اور منفی اثرات سے وہ متاثر نہیں ہوگا ، لہٰذا سود لینا قرض کے مزاج کے خلاف ہے۔ کیونکہ اگر قرض مقروض کے قبضے میں آنے کے بعد تلف ہوجائے تو کہا جاتا ہے کہ یہ تمہارا (مقروض کا) مال تھا جو تلف ہوگیا۔ میرا قرض تمہارے ذمے ہے۔ جب کہ منافع دینے کی صورت میں کہا جاتا ہے کہ میرا مال تھا جس نے منافع دیا ، لہٰذا مجھے اس میں شریک کرو۔ بنابریں سودی نظام سراسر غیرعادلانہ ہے۔
اسلامی بینکاری : اسلامی بینکاری کا اجمالی خاکہ کچھ اس طرح ہے :
کھاتہ داروں کی رقوم دو اقسام پر مشتمل ہوں گی :
الف۔ عند الطلب قابل ادا قرضے : (کرنٹ اکاؤنٹ) یہاں رقم بینک کو بطور قرض دی جائے گی۔ البتہ کھاتہ دار جب چاہے واپسی کا مطالبہ کرسکتا ہے۔ بینک اس رقم کا ایک حصہ محفوظ رکھے گا تاکہ مالکوں کو بوقت ضرورت واپس کرسکے۔ باقی سرمایہ ، کاروباری افراد کو مضاربت (جس کی تفصیل آگے آئے گی) کے اصول پر دے گا۔ مضاربت سے جو منافع حاصل ہوگا وہ بینک کا ہوگا ، کھاتہ دار کو اس پر کوئی منافع نہیں دیا جائے گا۔ چناچہ موجودہ بینکاری نظام میں بھی اس مد میں کوئی منافع نہیں دیا جاتا۔ اس سے بینک کو خاصی آمدنی ہوگی۔ کیونکہ موجودہ بینکاری میں یہ بات تجربے میں آئی ہے کہ کرنٹ اکاؤنٹ میں جمع ہونے والی رقوم Fixed Deposits کے مقابلے میں زیادہ ہوتی ہیں۔
ب۔ مضاربت : اس مد میں طویل المیعاد امانتوں (فکسڈ ڈیپازٹس مضاربت کے بنیادی سرمائے) کے ساتھ سیونگ اکاونٹ بھی شامل رہے گا۔
اسلامی بینکاری نظام میں سیونگ اکاؤنٹ اور فکسڈ ڈیپازٹ دونوں ایک ہی مد میں رکھے جاتے ہیں۔ مضاربت میں مدت کا تعین شرط نہیں ہے ، البتہ مدت کا تعین کرلیا جائے تو بھی کوئی مضائقہ نہیں۔ اس لحاظ سے اگر مدت کا تعین کیا جاتا ہے تو فکسڈ ڈیپازٹ ہوگا اور اگر مدت کا تعین نہیں کیا جاتا تو یہ سیونگ اکاؤنٹ ہوگا۔ دونوں صورتوں میں یہ رقوم مضاربت میں شامل ہوں گی۔
ان دونوں صورتوں میں اگر سرمائے کا مالک اس دوران اپنی رقم نکال لے تو اس رقم کی مضاربت ختم ہوجائے گی ، کیونکہ مضاربت میں طرفین کو یہ حق حاصل ہوتا ہے کہ وہ جب چاہیں مضاربت کو فسخ کرسکتے ہیں۔ اگر اس رقم کو تجارت پر لگانے اور نفع حاصل ہونے سے پہلے نکالا جائے تو مالک کو بلامنفعت صرف سرمایہ واپس ملے گا اور اگر نفع حاصل ہونے کے بعد نکالا جائے تو جو منفعت حاصل ہوچکی ہو وہ حسب معاہدہ آپس میں تقسیم ہوگی جیسا کہ آیۃ اللہ العظمیٰ خوئی قدس سرہ فرماتے ہیں :

اِذَا کَانَ الْفَسْخُ اَوِ الْاِنْفِسَاخُ بَعْدَ حُصُوْلِ الرِّبْحِ فَاِنْ رَضِیَ کُلٌّ مِنَ الْمَالِکِ وَ الْعَامِلِ بِالْقِسْمَۃِ فَلَا کَلاَمَ وَ اِنْ لَمْ یَرْضَ اَحَدُھُمَا اَجْبَرَ عَلَیْھَا ۔ { منہاج الصالحین ٢ : ١٤٤}

معاملہ فسخ کرنے یا فسخ ہونے کی نوبت منافع کے حصول کے بعد ہے تو اگر مالک سرمایہ اور تاجر آپس میں منافع تقسیم کرنے پر راضی ہوتے ہیں تو فبھا ورنہ جو راضی نہیں ہوتا اسے راضی ہونے پر مجبور کیا جائے گا۔
مضاربت : مضاربت کی تعریف میں حضرت آیۃ اللہ العظمیٰ خوئی قدس سرہ فرماتے ہیں :

ھِیَ اَنْ یَّدْفَعَ الْاِنْسَانُ مَالًا اِلٰی غَیْرِہٖ یَتَّجِرُ فِیْہِ عَلٰی اَنْ یَکُوْنَ الرِّبْحُ بَیْنَھُمَا بِالنِّصْفِ اَوِ الثُّلْثِ اَوْ نَحْوِ ذٰلِکَ { منہاج الصالحین ج ٢ بحث مضاربۃ }

مضاربت یہ ہے کہ انسان کسی شخص کو تجارت کی غرض سے سرمایہ فراہم کرے تاکہ منفعت میں نصف یا ایک تہائی یا اس طرح کے حساب سے دونوں حصہ دار ہوں۔
اسلامی بینکاری کا نظام مضاربت کی بنیادوں پر درج ذیل ارکان پر قائم ہوگا :
فریق اول : مالک سرمایہ
فریق دوم : محنت
درمیان میں کسی ثالث کا ہونا بھی درست ہوگا۔ یہاں بینک ثالث کا کردار ادا کرے گا۔ یہاں ثالث (بینک) کھاتہ داروں کی طرف سے وکیل ہوگا کہ وہ کھاتہ داروں کا پیسہ صنعت کار ، تاجر اور زراعت کار وغیرہ کو مقررہ شرائط کے تحت فراہم کرے۔
فریق اول کی ذمہ داری یہ ہے کہ وہ سرمایہ فراہم کرے اور شرائط کا تعین کرے۔
فریق دوم اس سرمایہ کو پیداوار کے لیے استعمال کرے اور شرائط طے کرے۔
شروط :
١۔ منافع سرمایہ اور محنت کے درمیان تقسیم ہو۔ مثلاً کل منافع میں سے چند فیصد سرمایہ کو ، باقی محنت کو۔
٢۔ فریق اول یہ شرط عائد کرسکتا ہے کہ تاجر سرمایہ کو کسی خاص چیز مثلاً کپڑے کے کاروبار یا زراعت کے لیے مختص کرے۔ اس صورت میں تاجر کو اس کی پابندی کرنا ضروری ہے۔ پابندی نہ کرنے کی صورت میں وہ خسارے کا ضامن ہوگا۔
ثالث (بینک) اگر کھاتہ داروں کی طرف سے وکیل مقرر ہوتا ہے تو اس صورت میں بینک درج ذیل امور کا ذمے دار ہوگا :
١۔ کھاتہ دار کی طرف سے تاجر کے ساتھ شرائط طے کرے گا۔
٢۔ بینک کو تاجر ، صنعت کار وغیرہ کے پیداواری عمل اور بازار میں قیمتوں کے اتار چڑھاؤ پر نظر رکھنا ہوگی ، جس کی روشنی میں کاروبار میں منافع یا خسارے کی صورت حال بینک سے پوشیدہ نہ ہو۔ اس مقصد کے لیے بینک کے پاس ایسے ماہرین اقتصادیات کا ہونا لازمی ہوگا جو تجربہ کار تاجر اور صنعت کار کی پہچان رکھتے ہوں اور ان کی کارگزاری اور پیداواری صورت حال پر نظر رکھ سکتے ہوں اور ایسی فضا قائم رکھ سکیں کہ کسی کو خیانت کرنے اور منافع چھپانے کا موقع میسر ہی نہ آئے۔
٣۔ بینک کھاتہ دار کے سرمایہ کی ضمانت بھی فراہم کرے کہ خسارہ ہونے کی صورت میں وہ اس خسارے کو ادا کرے گا۔ درج بالا صورت حال میں بینک اس ضمانت کے فراہم کرنے کی پوزیشن میں ہوگا۔
٤۔ بینک تاجر پر یہ شرط بھی عائد کرسکتا ہے کہ وہ بینک کو تمام تجارتی امور سے آگاہ رکھے۔ مال کی خریداری سے لے کر پیداواری عمل کے اختتام تک تمام مراحل بینک کے علم میں ہوں۔ جدید کمپیوٹرائز سسٹم کے ذریعے اس قسم کی تمام تفصیلات سے آگاہ رہنا نہایت آسان ہوگیا ہے۔
منافع کی تقسیم : سرمایہ اور محنت کے درمیان منافع کی تقسیم میں بینک کو شریک نہیں کیا جاسکتا ۔ کیونکہ بینک مضاربت میں فریق نہیں ہے ، بلکہ بینک کو اپنی بینکنگ خدمات کے مقابلے میں حق الخدمت (Service Charges) ملے گا۔
اس حق الخدمت کی فقہی توجیہ کے لیے درج ذیل عناوین قابل تطبیق ہیں :
جعالہ ، اجرۃ المثل ، اجارہ وغیرہ ۔ بینک اس سلسلے میں متعدد خدمات انجام دیتا ہے :
١۔ بینک چھوٹے سرمایہ کو عظیم طاقتور بناتا ہے۔ اگر بینک کھاتہ داروں کے چھوٹے سرمایوں کو جمع کر کے طاقتور سرمایہ نہ بناتا تو یہ چھوٹے اور کمزور سرمائے ملکی اقتصاد میں کوئی موثر کردار ادا نہیں کرسکتے تھے۔
٢۔ بینک سرمایہ کو جمود و رکود سے نکال کر اسے متحرک بناتا ہے۔
٣۔ بینک سرمایہ کو متحرک بنانے کے لیے ماہرین کی خدمات حاصل کرتا ہے۔
٤۔ بینک کھاتہ داروں کے سرمایہ کی ضمانت فراہم کرتا ہے۔
سودی بینکاری کے متبادل دیگر غیر سودی اسلامی بینکاری کی چند صورتیں درج ذیل ہیں :
مشارکت : یعنی سرمایہ میں مشارکت کی بنیاد پر تجارت۔ اس میں بینک بجائے اس کے کہ تاجر کو سودی قرضہ دے ، تاجر کے ساتھ سرمایہ میں شرکت کرے گا۔ یہ نفع و نقصان میں شراکت کی بنیاد پر ہوگا۔ بینک یہ سرمایہ اپنے کھاتہ داروں کی رقوم سے فراہم کرے گا اور حاصل ہونے والا منافع کھاتہ داروں کو اس کی رقم کے مطابق ادا کرے گا۔
وکالت : یعنی بینک تاجروں کو سودی قرض دینے کی بجائے انہیں اپنی طرف سے وکیل بنائے گا اور بینک خود بھی کھاتہ داروں کی طرف سے وکیل ہے تو یہ بجائے اس کے کہ خود تجارت کرے ، اپنی طرف سے دیگر تاجروں ، صنعت کاروں اور زمینداروں کو وکیل بنا سکتا ہے۔ تاجر بینک کی طرف سے وکالت کی بنا پر سامان تجارت خریدے گا اور اسی وکالت کی بنا پر بینک کی طرف سے خود اپنے کو فروخت کرے گا۔ البتہ قیمت فروخت ، قیمت خرید سے زیادہ ہوگی۔ اس طرح بینک کو منافع ملے گا جو سودی منافع سے زیادہ ہو سکتا ہے۔
مرابحہ بیع مؤجل : یہ اس طرح ہوگا کہ بینک اپنے نمائندوں ، تاجروں اور صنعت کاروں وغیرہ کو تجارتی سامان خریدنے کے لیے سودی قرض دینے کی بجائے خود تجارتی سامان خریدے گا اور اس سامان کو تاجروں کے ہاتھ فروخت کرے گا۔ اس فروخت میں تین باتیں ملحوظ رکھی جاتی ہیں :
١۔ یہ بیع مؤجل ہوگی۔ یعنی قیمت نقداً نہیں لی جائے گی ، بلکہ قیمت کی ادائیگی کے لیے مدت کا تعین کیا جائے گا ۔
٢۔ قیمت خرید سے زیادہ قیمت پر فروخت کیا جائے گا ۔ اس سے بینک کو آمدنی ہوگی ۔
٣۔ بینک یہ سامان تاجر کی طرف سے آرڈر پر خریدے گا اور تاجر اپنے آرڈر شدہ سامان کے خریدنے کا پابند ہوگا ، ورنہ خسارہ ہونے کی صورت میں تاجر یہ خسارہ بھرے گا ، چونکہ سامان اس کے آرڈر پر خریدا گیا ہے۔ { احکام البنوک ۔ آیۃ اللہ فیاض }
بیع مؤجل فقہی اعتبار سے درست ہونے کی صورت میں سودی نظام کے متبادل کے طور پر اس بیع کو اختیار کرنے میں کوئی مضائقہ نہیں ہونا چاہیے۔ اس کے باوجود فتاویٰ قاضی خان اور سندھ ہائی کورٹ کے ایک ڈویژنل بنچ نے اسے سود ہی کی ایک شکل قرار دیا ہے ، جب کہ فقہی مآخذ نے اسے فقہ حنفی کے مطابق درست قرار دیا ہے۔
اسلامی فقہ کی رو سے سرمایہ کے احکام : اپنا مال کسی دوسرے کے حوالے کرنے کی درج ذیل صورتیں ہیں :
١۔ ودیعت : اپنا مال دوسرے کے حوالے اس لیے کرتا ہے کہ وہ اس کی حفاظت کرے ، اسے ودیعت اور امانت کہتے ہیں۔
٢۔ قرض : اگر یہ مال کسی کے حوالے اس لیے کیا جاتا ہے کہ اس کی مثل اسے واپس کرے ، یہ قرض ہے۔
٣۔ بضاعہ : اگر یہ مال بغیر اجرت لیے تجارت کے لیے دیا گیا ہے تو اسے بضاعہ (سرمایہ کاری) کہتے ہیں۔
٤۔ اگر یہ مال اس لیے دوسرے کو دیا گیا ہے کہ دوسرے شہر میں اس کو دیا جائے تو یہ ” حوالہ “ ہے۔
٥۔ اگر یہ مال دوسرے کو تجارت کے تحت منافع کے لیے دیا گیا ہے ، اسے مضاربت کہتے ہیں۔ اگر منافع کی تقسیم کا ذکر نہیں ہے تو یہ منافع سرمائے کا ہوگا اور تاجر کو اجرۃ المثل مل جائے گی۔
اگر منافع کی تقسیم کا تعین ہو تو منافع ملنے کی صورت میں طرفین منافع کے حقدار ہوں گے۔ اگر خسارہ ہوا تو محنت کو کچھ نہیں ملے گا اور خسارہ صاحب سرمایہ اٹھائے گا۔
مأخذ : مضاربت کے سلسلہ میں امامیہ فقہی مصادر میں صراحت موجود ہے۔
چنانچہ حضرت علی (رضی اللہ عنہ) سے روایت ہے :

انہ قال فی المتضاربین ۔۔۔ الربح بینھما علی ما اتفقا علیہ و الوضیعۃ علی المال ۔ { دعائم الاسلام ٢ : ٨٦}

مضاربت کے بارے میں فرمایا : ۔۔۔ منافع متفقہ نسبت سے آپس میں تقسیم ہوگا اور خسارہ سرمایہ اٹھائے گا۔
حضرت علی (علیہ السلام) کا یہ فرمان غیر امامیہ مصادر میں اس طرح آیا ہے۔ مضاربت کے بارے میں فرمایا :

الوضیعۃ علی المال و الربح علی ما اصطلحوا علیہ ۔ { نیل الاوطار ٥ : ٣٩٣ کتاب المضاربۃ }

منافع متفقہ نسبت سے آپس میں تقسیم ہوگا اور خسارہ سرمایہ اٹھائے گا۔
حضرت امام موسیٰ کا ظم (رح) سے مروی ہے :

الربح بینھما و الوضیعۃ علی المال ۔ { الاستبصار ٣ : ١٢٦}

منافع آپس میں تقسیم ہوگا ، خسارہ سرمائے پر ہوگا۔
غیر امامیہ مصادر میں مضاربت کا کوئی مأخذ نہیں ہے۔
چنانچہ ابن حزم کہتے ہیں :

کل ابواب الفقہ فلھا اصل فی الکتاب والسنۃ حاشا القراض فما وجدنا لہ اصلاً

البتہ فقہ کے تمام ابواب کا کتاب و سنت میں کوئی مأخذ ہوا کرتا ہے ، سوائے مضاربہ کے۔ اس کا ہم نے کوئی مأخذ نہیں پایا۔
اہل حجاز قراض اور اہل عراق مضاربۃ کہتے ہیں۔
قرض حسنہ : رہا یہ سوال کہ غیر سودی بینک ضرورت مندوں کے لیے غیر پیداواری قرضے ، بلا سود کس طرح جاری کرے گا ؟ اور اس کا کیا جواز ہوگا ؟ تو جواب یہ ہے کہ خود بینک کو کرنٹ اکاؤنٹ کی مد میں ایک بہت بڑا سرمایہ غیر سودی قرض کی صورت میں حاصل ہوتا ہے ، جیسا کہ پہلے ذکر ہوچکا ہے۔ اس رقم میں سے ایک حصہ وہ غیرسودی قرضوں کے طور پر دے سکتا ہے۔ بینک اس رقم سے بلا سود غیر تجارتی قرضے اور قلیل المیعاد قرضے جاری کرے گا۔ اول الذکر غیر تجارتی ہونے کی وجہ سے اور مؤخر الذکر کو قلیل مدت ہونے کی وجہ سے مضاربت کی بنیاد پر دینا ممکن نہ ہوگا ، لہٰذا بینک اس قسم کے قرضے بلا سود جاری کرے گا۔ البتہ یہ قرضے جاری کرنے کے لیے ان کے حساب و کتاب کی اجرت لینا جائز ہے۔ مثلاً قرض کی درخواست کے لیے فارم کی قیمت لی جائے وغیرہ۔
اہم نکات
١۔ قانون الٰہی میں سود ہمیشہ سے حرام رہا ہے۔
٢۔ انسانی قوانین نے ہمیشہ سرمایہ داروں کی حمایت میں سود کو جائز قرار دیا ہے۔
٣۔ سود لینا قساوت قلبی اور انسانی اقدار سے عاری ہونے کی علامت ہے۔
٤۔ سود سے اقتصادی توازن ختم ہوجاتا ہے ، کیونکہ قرض لینے والے کی پیداواری صلاحیت ہر روز کم ہوتی چلی جاتی ہے اور قرض دینے والے کی مالی طاقت میں روز افزوں اضافہ ہوتا چلا جاتا ہے۔ اس معاشی بحران اور ظالمانہ طبقاتی نظام کی وجہ سے معاشرہ بگاڑ کا شکار ہوجاتا ہے۔
٥۔ تجارت اور سود نفسیاتی ، معاشی ، سماجی ، سیاسی اور اخلاقی اثرات کی وجہ سے نیز اپنی اپنی ماہیت کے اعتبار سے دو الگ اور متضاد چیزیں ہیں۔ تجارت مفید جب کہ سود نقصان دہ ہے۔
٦۔ سودی نظام معیشت معاشرے کے لیے ہلاکت آفرین ہے۔ اسلام نے اسے اللہ اور رسول (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے ساتھ جنگ کے مترادف قرار دیا ہے اور اپنا غیر سودی نظام متعارف کرایا ہے جو شراکت ، مضاربت اور قرض حسنہ کے اصولوں پر قائم اور معاشرے میں اقتصادی توازن برقرار رکھنے کا ضامن ہے۔
تحقیق مزید :

الکافی ٢ : ٢٨٥ باالکبائر ۔ التہذیب ٧ : ١٥ باب فضل التجارۃ ۔ مستدرک الوسائل ١٣ : ٣٣١ باب تحریم الربا ۔ ٣٣٤ باب ثبوت القتل۔

تفسیر آیات
اگر پورے انسانی معاشرے پر سود اور صدقات کے اثرات کا موازنہ کیا جائے تو معلوم ہوگا کہ محدود نگاہ رکھنے ، خصوصاً اغیار کی طفیلی سوچ رکھنے والوں کے خیال کے خلاف ، ترقی اور پیشرفت کا راز خیرات میں مضمر ہے ، جب کہ سودی نظام کا نتیجہ فقر و تنگدستی ہے۔
سود اور خیرات و صدقات دونوں کا تعلق محتاج اور نادارطبقے سے ہے ، جو دنیا کی کل آبادی کی واضح اکثریت پر مشتمل ہے۔ یعنی یہ تیسری دنیا کا مسئلہ ہے جسے سود کے ذریعے غربت اور افلاس میں محبوس رکھا گیا ہے۔ ان غریب ملکوں کی ساری طاقت سود کی ادائیگی پر صرف ہوتی ہے ، بلکہ نوبت یہاں تک پہنچ چکی ہے کہ ملک کی پوری طاقت صرف ہونے کے باوجود سود کی رقم ادا نہیں ہو سکتی۔ چناچہ سود کی ادائیگی کے لیے مزید سودی قرضے اٹھائے جا رہے ہیں اور ملک کی بےجان معیشت پر مزید ضرب لگائی جا رہی ہے۔ سودی نظام سے سرمایہ داروں کے خلاف غریبوں میں نفرت ، عداوت اور بدگمانی پیدا ہوتی ہے ، ان مٹھی بھر استحصالیوں کے خلاف جذبہ انتقام ابھرتا ہے۔ اس طرح فساد اور اضطراب کا دائرہ وسیع ہوجاتا ہے۔ جب کہ صدقہ و خیرات رحم ، ہمدردی ، محبت ، بھائی چارے ، ہم آہنگی اور اتحاد و یگانگت کی ایک پرامن فضا وجود میں لاتے ہیں ، جس سے پیداوار میں اضافہ ہوتا ہے اور دولت و ثروت کی منصفانہ تقسیم سے ہر شخص مطمئن ہوتا ہے۔ اس طرح باہمی تعاون بڑھتا ہے اور معاشرہ اپنی ضرورت خود پیدا کرتا ہے نیز لوگ اپنے ملک کی دولت سے خود استفادہ کرتے ہیں ۔
اگر لوگ سود جیسے غیر اسلامی و غیر انسانی ظالمانہ نظام کو ترک کرتے تو سرمائے کا ارتکاز چند لوگوں کے ہاتھوں میں نہ ہوتا ، بلکہ دولت کی عادلانہ تقسیم ہوجاتی ، جس سے ملکی پیداوار میں اضافہ ہوتا اور نعمتیں وافر ہوجاتیں۔ چناچہ دوسری آیت میں ارشاد فرمایا :

وَلَوْ اَنَّہُمْ اَقَامُوا التَّوْرٰىۃَ وَالْاِنْجِيْلَ وَمَآ اُنْزِلَ اِلَيْہِمْ مِّنْ رَّبِّہِمْ لَاَكَلُوْا مِنْ فَوْقِہِمْ وَمِنْ تَحْتِ اَرْجُلِہِمْ۝ ٠ۭ ۔۔۔۔ { ٥ مائدہ : ٦٦}

اور اگر یہ اہل کتاب توریت و انجیل اور ان کے رب کی طرف سے ان پر نازل شدہ دیگر تعلیمات کو قائم رکھتے تو وہ اپنے اوپر کی (آسمانی برکات) اور نیچے کی (زمینی برکات) سے مالا مال ہوتے۔
اہم نکات
١۔ اسلام کا اقتصادی نظام ، پیداوار میں اضافے اور امن و خوشحالی کا ضامن ہے : اِنَّ الَّذِيْنَ اٰمَنُوْا وَعَمِلُوا الصّٰلِحٰتِ ۔۔۔۔
تفسیر آیات
اس آیت میں یہ فیصلہ کن حکم دیا گیا کہ آئندہ سود لینا ممنوع ہے اور جو سود لوگوں کے ذمے باقی ہے اسے چھوڑ دیا جائے۔ البتہ جو لے چکے اس کے بارے میں سابقہ آیت میں فرمایا جا چکا کہ جو آئندہ کے لیے سود خوری سے باز آجائے تو پہلے جو کھاچکا ، وہ اسی کا ہوگا۔ یعنی نہ تو اس کی دولت قرق ہوگی اور نہ ہی سود اس سے واپس لیا جائے گا۔ قانون کانفاذ اس کے صدور کے بعد متحقق ہوتا ہے۔
دوسری آیت میں سود ترک نہ کرنے کو اللہ اور رسول (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے ساتھ اعلان جنگ قرار دیا گیا ہے۔ یعنی سود کا ترک نہ کرنا اسلامی نظام کے ساتھ بغاوت ہے۔ اسلامی معاشرے میں طبقاتی تفاوت پیدا کر کے اس معاشرے کو داخلی جنگ سے دوچار کرنے والا مفسد ہے۔ ایسے لوگوں کے ساتھ سخت اور عسکری اقدام کیا جائے گا۔ البتہ توبہ کرنے کی صورت میں اسلامی فیصلہ یہ ہوگا کہ وہ آئندہ سود کا ظلم بند کر دے گا اور اسلامی حکومت اس کے اصل سرمائے کو تحفظ دیتے ہوئے اسے واپس کر دے گی۔ کیونکہ یہ خطاب مسلمانوں سے ہے اور مسلمان کا مال محترم ہوتا ہے۔
اہم نکات
١۔ سودی نظام معیشت اللہ کے خلاف بغاوت کے مترادف ہے : فَاِنْ لَّمْ تَفْعَلُوْا فَاْذَنُوْا بِحَرْبٍ مِّنَ اللہِ وَرَسُوْلِہٖ۝ ٠ۚ ۔۔۔۔
تحقیق مزید :

آیت ٢٧٨ : الفقیہ ٣ : ٢٨٦ باب الربا۔ الوسائل ١٨ : ٢٤ باب تحریم الربا۔ مستدرک الوسائل ١٣ : ٣٣٧ باب حکم من اکل الربا۔
آیت ٢٧٩ : مستدرک الوسائل ١٣ : ٣٣٤ باب ثبوت القتل۔ الفقیہ ٣ : ٣٣ باب الصلح ۔ الفقیہ ٣ : ٢٨٦ باب الربا۔

تفسیر آیات
نزول آیت کے زمانے میں یہ طریقہ رائج تھا کہ قرضدار اگر بروقت قرض ادا کرنے کی گنجائش نہ رکھتا تو مزید مہلت دینے کے لیے سود میں اضافہ کرتے تھے۔ اسلامی نظام کے نفاذ کے بعد سود لینا حرام قرار پایا اور مالک کو اصل سرمائے کا حقدار قرار دیا گیا۔ اب اگر قرضدار قرض کی ادائیگی پر قادر نہ ہو تو گنجائش ہونے تک مہلت دی جائے گی اور اس مہلت کے عوض قرض پر کسی چیز کا اضافہ نہیں کیا جائے گا۔ دوسرے جملے سے تو اشارہ ملتا ہے کہ اسلامی مہر و محبت سے لبریز قرآنی معاشرے کا رکن بننے کی صورت میں قرضوں کو معاف کردیا جائے۔ اس میں معاف کرنے والے سمیت سب کی بہتری ہے ، بشرطیکہ لوگ اس بہتری کی حقیقت کو سمجھیں۔ اس صورت میں سودی کاروبار جو ایک فاسد عمل اور معاشرے کے لیے زہر قاتل تھا ، ایک نیک عمل میں بدل جاتا ہے ، جو معاشرے کے لیے خیر و برکت کا باعث ہے۔
اہم نکات
١۔ قرآنی معاشرے کا تقاضا یہ ہے کہ اگر مقروض مقررہ مدت میں قرض ادا نہ کرسکے تو اسے معاف کردیا جائے یا کم ازکم اسے مہلت ضرور دی جائے۔
تحقیق مزید :

الکافی ٤ : ٣٥ باب انظار العسر ، ٥ : ٩٣ باب الدین ۔ الفقیہ ٣ : ٤٩ باب من یجب رد شہادتہ ۔ التہذیب ٦ : ١٨٥ باب الدیون ۔ الوسائل ١٦ : ٣٢٠ باب وجوب انظار العسر ۔

تفسیر آیات
سود کی ممانعت اور اس کے ارتکاب کی قانونی عقوبت بیان فرمانے کے بعد ایمان والوں کے ضمیر اور شعور کو بھی بیدار کیا گیا ہے کہ تقویٰ نفاذ شریعت کے لیے ایک پہرے دار کی حیثیت رکھتا ہے ، جو انسانی ضمیر کی گہرائیوں میں بیٹھا ہوا ہے۔ اس دنیا میں اللہ تعالیٰ کی عدالت ، متقی کا ضمیر ہے ، جہاں بلا تاخیر فیصلے صادر ہوتے ہیں۔ یہاں نہ کسی کی سفارش کام آتی ہے اور نہ ہی کسی کا زور چلتا ہے۔ یہ عالم آخرت میں لگنے والی اللہ کی عدالت کا ایک دنیاوی نمونہ ہے۔
ایک قول کے مطابق یہ آیت رسول کریم (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) پر نازل ہونے والی سب سے آخری آیت ہے۔
احادیث
مروی ہے کہ حضرت علی (علیہ السلام) رسول کریم (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) سے نقل فرماتے ہیں :

لَعْنَ رَسُوْلُ اللّٰہِ فِی الرِّبَا خَمْسَۃً : آکِلَہُ ، وَ مُؤْکِلَہُ ، وَ شَاھِدَیْہَ وَ کَاتِبَہُ ۔ { الوسائل ١٨ : ١٢٧}

رسول کریم (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے سود کے سلسلہ میں پانچ افراد پر لعنت بھیجی ہے : کھانے والے ، کھلانے والے ، ربویٰ معاہدے کے دونوں گواہوں اور سود کی تحریر لکھنے والے پر۔
اہم نکات
١۔ تقویٰ نفاذ شریعت کا ضامن ہے ، جو اہل ایمان کے ساتھ ہر وقت اور ہر جگہ موجود رہتا ہے : وَاتَّقُوْا يَوْمًا ۔۔۔۔
٢۔ احکام شریعت کی مخالفت کرنے والا دنیا میں بچ بھی جائے تو آخرت میں ہرگز نہیں بچ سکے گا : وَاتَّقُوْا يَوْمًا۔۔۔ مَّا كَسَبَتْ ۔۔۔۔

سورہء آل عمران
يٰٓاَيُّھَا الَّذِيْنَ اٰمَنُوْا لَا تَاْ كُلُوا الرِّبٰٓوا اَضْعَافًا مُّضٰعَفَةً ۠ وَاتَّقُوا اللّٰهَ لَعَلَّكُمْ تُفْلِحُوْنَ ١٣٠؁ۚ
وَاتَّقُوا النَّارَ الَّتِىْٓ اُعِدَّتْ لِلْكٰفِرِيْنَ ١٣١؁ۚ

ترجمہ
اے ایمان والو ! کئی گنا بڑھا چڑھا کر سود نہ کھایا کرو اور اللہ سے ڈرو تاکہ تم فلاح پاؤ۔
اور اس آگ سے بچو جو کافروں کے لیے تیار کی گئی ہے۔
تفسیر آیات
١۔ لَا تَاْكُلُوا الرِّبٰٓوا : یہ آیت بھی سابقہ آیات کے ساتھ مربوط ہے ، کیونکہ کلام کا تسلسل جہاد کے بارے میں ہے۔ سابقہ آیات میں جہاد بالسیف کا ذکر ہو رہا تھا۔ چونکہ جہاد بالمال کو بھی جہاد بالسیف کی کامیابی میں بڑا دخل حاصل ہے اور مال ہی کی طمع کی وجہ سے مسلمان احد میں شکست سے دوچار ہوئے تھے۔ اس لیے زر پرستی اور مال کی طمع جیسے عوامل کی اصلاح ضروری ہے۔
کچھ حضرات اس آیت سے یہ استدلال کرتے ہیں کہ قرآن نے جس سود کو حرا م قرار دیا ہے ، اس سے مراد زمانہ جاہلیت میں رائج سود مرکب ، یعنی سود در سود ہے ، جب کہ قرض پر سود اور معاملاتی سود حرام نہیں اور احادیث میں سود کی مؤخر الذکر دو اقسام کے بارے میں جو ممانعت آئی ہے وہ کراہت پر مبنی ہے۔ (رشید رضا الربا و المعاملات فی الا سلام ص ٥٢۔ کمافی الربا فقہیا و اقتصادیا ص ٢٩۔ ) اس پر دلیل یہ دیتے ہیں کہ نزول آیت کے وقت لوگ کئی گنا زیادہ سود لیتے تھے۔ جب کہ قرض پر سود اور معاملاتی سود میں کئی گنا کا تصور نہیں ہوتا۔
جواب یہ ہے کہ سنت رسول (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) میں ہر قسم کے سود کی ممانعت جس تاکید اور شدت سے آئی ہے ، اسے صرف مکروہ قرار دینا نہایت ہی ناانصافی ہے۔ اگر اس طرح کی ذاتی رائے کا باب کھل جائے تو لوگ بہت سے حرام اور واجب احکام کو کراہت اور مستحب پر محمول کر کے شریعت کو مسخ کردیں گے۔
ثانیاً آیت میں لفظ اَضْعَافًا ربا کی صفت ہے ، سرمائے کی نہیں اور یہ ضعف کی جمع ہے۔ ضعف سے مراد ہے دوگنا اور اضعاف سے مراد ہے کئی گنا ، جس کا کم ازکم تین دوگنے (چھ گنا) ہیں۔ پس جب سود چھ گنا ہوجائے تو حرام ہوگا ، حالانکہ کوئی بھی اس بات کا قائل نہیں ہے۔
لہٰذا تسلیم کرنا پڑے گا کہ اس آیت میں اَضْعَافًا مُّضٰعَفَۃً کا ذکر اس وجہ سے نہیں کہ سود کی حرمت صرف کئی گنا ہونے سے مشروط ہے ، بلکہ ایک امر واقع اور حقیقت کی طرف اشارہ ہے کہ سود کو سرمائے کے ساتھ ملا دیاجائے تو اکثر و بیشتر کئی گنا ہوجاتا ہے۔
٢۔ وَاتَّقُوا اللہَ لَعَلَّكُمْ تُفْلِحُوْنَ : کامیابی کا راز بھی تقویٰ میں مضمر ہے۔ یعنی ربا کھانے سے اپنے آپ کو بچاؤ۔ کامیابی اسی میں ہے۔
٣۔ وَاتَّقُوا النَّارَ الَّتِىْٓ : جو آتش کافروں کے لیے آمادہ اور تیار کی گئی ہے۔ سود خوار اسی آگ میں جائے گا۔ لہٰذا تم اس آگ سے اپنے آپ کو بچاؤ۔ چونکہ سود کھانا خدا اور رسول (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے ساتھ جنگ ہے۔ ایسے لوگ کافروں کے ساتھ ہوں گے۔
بظاہر سود کے بارے میں یہ آیت ، پہلی آیت ہے۔ سود کے بارے میں تفصیل ملاحظہ ہو سورة بقرہ آیت ٢٧٥۔
اہم نکات
١۔ سود خوری ایسی معصیت ہے جو ایمان اور تقویٰ کی بنیادیں ہلا کر رکھ دیتی ہے : لَا تَاْكُلُوا ۔۔ اُعِدَّتْ لِلْكٰفِرِيْنَ ۔
٢۔ تقویٰ کا لازمی نتیجہ دنیا و آخرت کی کامیابی ہے : وَاتَّقُوا اللہَ لَعَلَّكُمْ تُفْلِحُوْنَ ۔
٣۔ سود خور کے لیے وہی عذاب ہے جو کفار کے لیے ہے : وَاتَّقُوا ۔۔۔ لِلْكٰفِرِيْنَ ۔

سورۃالنساء
فَبِظُلْمٍ مِّنَ الَّذِيْنَ هَادُوْا حَرَّمْنَا عَلَيْهِمْ طَيِّبٰتٍ اُحِلَّتْ لَهُمْ وَبِصَدِّهِمْ عَنْ سَبِيْلِ اللّٰهِ كَثِيْرًا ١٦٠؀ۙ
وَّاَخْذِهِمُ الرِّبٰوا وَقَدْ نُھُوْا عَنْهُ وَاَ كْلِهِمْ اَمْوَالَ النَّاسِ بِالْبَاطِلِ ۭوَاَعْتَدْنَا لِلْكٰفِرِيْنَ مِنْهُمْ عَذَابًا اَلِـــيْمًا ١٦١؁

یہود کے ظلم اور راہ خدا سے بہت روکنے کے سبب بہت سی پاک چیزیں جو (پہلے) ان پر حلال تھیں ہم نے ان پر حرام کردیں۔
اور اس سبب سے بھی کہ وہ سود خوری کرتے تھے جبکہ اس سے انہیں منع کیا گیا تھا اور لوگوں کا مال ناحق کھانے کے سبب سے بھی اور ان میں سے جو کافر ہیں ان کے لیے ہم نے دردناک عذاب تیار کر رکھا ہے۔

سورۃالروم
وَمَآ اٰتَيْتُمْ مِّنْ رِّبًا لِّيَرْبُوَا۟ فِيْٓ اَمْوَالِ النَّاسِ فَلَا يَرْبُوْا عِنْدَ اللّٰهِ ۚ وَمَآ اٰتَيْتُمْ مِّنْ زَكٰوةٍ تُرِيْدُوْنَ وَجْهَ اللّٰهِ فَاُولٰۗىِٕكَ هُمُ الْمُضْعِفُوْنَ 39؀

اور جو سود تم لوگوں کے اموال میں افزائش کے لیے دیتے ہو وہ اللہ کے نزدیک افزائش نہیں پاتا اور جو زکوۃ تم اللہ کی خوشنودی حاصل کرنے کے لیے دیتے ہو پس ایسے لوگ ہی (اپنا مال) دوچند کرنے والے ہیں۔
تفسیر آیات
١۔ وَمَآ اٰتَيْتُمْ مِّنْ رِّبًا : اپنے کاروبار میں سہولت اور دولت میں اضافہ کے لیے بااثر لوگوں کو تم جو تحائف پیش کرتے ہو ان سے سرمائے میں اضافہ نہیں ہوتا۔ سرمائے میں اضافے کی بہتر صورت یہ ہے تم اللہ کی راہ میں خرچ کرو۔ اس سے تمہاری دولت بڑھے گی۔
اگر اس آیت کو مکی تسلیم کیا جائے تو ربا سے مراد یہاں اصطلاحی سود نہیں جو حرام ہے بلکہ ہر قسم کا اضافہ مراد ہے۔ نہ ہی زکوٰۃ سے اصطلاحی زکوٰۃ مراد ہے بلکہ ہر قسم کا صدقہ مراد ہے لیکن اگر ان آیات کو مدنی تسلیم کیا جائے تو سود سے وہی حرام سود مراد ہو سکتا ہے اور زکوٰۃ سے اصطلاحی زکوۃ۔