پیش لفظ

24جون2002ء کا دن اسلامی جمہوریۂ پاکستان کی تاریخ کاسیا ہ ترین دن تھا۔ اس روز پاکستان کی سپریم کورٹ نے سود کے حوالے سے وفاقی شرعی عدالت کے 14نومبر 1991ء کے فیصلے کو نہ صرف کالعدم قرار دیا بلکہ انسدادِ سود کے حوالے سے تیس برس کی محنتوں کو بالکل صفر کردیا۔حالانکہ دین اسلام کی تعلیمات کے مطابق عقائد کے اعتبار سے بد ترین گناہ شرک ہے جس کو اللہ تعالیٰ(بغیر توبہ کے) کبھی معاف نہیں فرمائے گا (النساء ‘ آیات 48 اور 116 ) اور عمل کے اعتبار سے قبیح ترین گناہ سودی لین دین ہے ‘جس کے خلاف اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول ﷺکی طرف سے اعلانِ جنگ ہے۔(البقرہ‘ آیت 279 ) سپریم کورٹ کافیصلہ حکومتِ وقت کی خواہشات کے عین مطابق اور ا س کی طرف سے دباؤ کا نتیجہ ہے۔لیکن اس سے بھی زیادہ قابلِ افسوس بات یہ ہے کہ مسلمانانِ پاکستان اور بالخصوص دینی و مذہبی حلقوں کی طرف سے اس فیصلے کے خلاف کوئی مؤثر احتجاج سامنے نہیں آیا: ؂ وائے ناکامی متاعِ کارواں جاتا رہا کارواں کے دل سے احساسِ زیاں جاتا رہا!

سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف کو ئی احتجاج نہ ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ بحیثیت مجموعی ہماری دینی غیرت و حمیت بالکل مر چکی ہے۔لہٰذا انتہائی ضروری ہے کہ

مسلمانانِ پاکستان کی غیرتِ دینی کو بیدار کیا جائے ۔ (i)
سود کے خلاف ان کے دلوں میں نفرت پیدا کی جائے۔ (ii)
سود کی خباثتوں اور تباہ کاریوں سے ان کو آگاہ کیا جائے ۔ (iii)
سپریم کورٹ میں سماعت کے دوران اٹھائے گئے ان اعتراضات کا جواب دیا جائے جنہوں نے بہت سے ذہنوں میں انتشار پیداکردیا ہے۔ (iv)

یہ کتاب مندرجہ بالا مقاصد کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے مرتب کی گئی ہے۔اس کتاب کی تیاری میں انجمن خدام القرآن سندھ‘ کراچی کے شعبۂ تصنیف و تالیف نے حسبِ ذیل کتابوں سے استفادہ کیا ہے

: تفاسیر
بیان القرآن از مولانا اشرف علی تھانویؒ (i)
معارف القرآن از مولانامفتی محمد شفیع ؒ (ii)
تفہیم القرآن از مولاناسید ابو الاعلیٰ مودودیؒ (iii)
احسن البیان از مولانا صلاح الدین یوسف (iv)

: کتب
سود کی متبادل اساس از شیخ محمود احمد مرحوم (i)
مسئلۂ سود اور غیر سودی مالیات از محمد اکر م خان (ii)
پاکستان کی معیشت سے سود کے خاتمے کے لیے اسلامی نظر یاتی کونسل کی رپورٹ کا خلاصہ از ڈاکٹر تنزیل الرحمن (iii)
اسلامی بینکاری (انگریزی) از ڈاکٹر محمد عمران اشرف عثمانی (iv)
پاکستان میں عالمی مالیاتی اداروں کا کردار اور ان کا اثر و رسوخ (خطاب) از ڈاکٹر شاہد حسن صدیقی (v)

دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہماری ان حقیر کوششوں کو قبو ل فرمائے اور ہمیں وہ دن نصیب فرمائے جب اسلامی جمہوریۂ پاکستان واقعی اسلامی مملکت بن جائے۔ آمین

نوید احمد اکیڈمک ڈائر یکٹر انجمن خدّ ام القرآن سندھ‘ کراچی

Next Chapter